اسرائیلی ہٹ دھرمی جاری

News

مقبوضہ بیت المقدس : اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس و ثقافت (یونیسکو) کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کا دعویٰ مسترد کئے جانے کے رد عمل میں اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتقامی کارروائیاں شروع کردیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیرمواصلات نے اعلان کیا کہ وہ تل ابیب اور پرانے بیت المقدس کے درمیان مسجد اقصیٰ میں دیوار براق تک ریلوے لائن بچھانے کی تیاری کررہے ہیں، اسرائیلی وزیر مواصلات کا یہ اعلان دراصل یونیسکو کے الاقصیٰ اور بیت المقدس کے بارے میں تاریخی فیصلے پر ہٹ دھرمی پر مبنی رد عمل ہے۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق اسرائیلی وزارت مواصلات کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر مواصلات یسرائیل کاٹز نے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ بیت المقدس اور تل ابیب کو باہم ملانے کیلئے ریلوے لائن کے منصوبے کو توسیع دیتے ہوئے اسے مسجد اقصیٰ کی دیوار براق تک لے جانے کی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کریں۔

اسرائیلی وزیر کے تیار کردہ پلان کے مطابق دیوار براق کو 80 میٹر زمین دوز سرنگ میں ریلوے لائن کے ذریعے القدس اور تل ابیب ریلوے لائن سے ملانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اے پی پی